Usi Se Thanda, Usi Se Garam

ایک لکڑہارا روز لکڑیاں کاٹنے جنگل کو جاتا تھا۔ وہ صبح سویرے جاتا اور شام کو واپس آتا۔ اُس کی بیوی اُس کے تھیلے میں کچھ کچے آلو ڈال دیتی اور کچھ پانی ساتھ میں دے دیتی۔ جب لکڑیاں کاٹتے کاٹتے لکڑ ہارا تھک جاتا اور اسے بھوک لگتی تو وہ آلو نکالتا، کچھ لکڑیاں جلاتا اور آگ پر  آلو بھون کر کھا لیتا۔
ایک دن بہت سردی تھی۔ اسکے ہاتھ بار بار ٹھنڈے ہوجاتے اور کلہاڑا اس کے ہاتھ سے چھوٹنے لگتا۔ وہ لکڑیاں کاٹتے ہوئے بار بار اپنے ہاتھوں کو گرم کرنے کے لیے رکتا اور دونوں ہاتھوں کوپھونک مار کے آپس میں رگڑتا۔ اس طرح ہاتھ گرم ہو جاتے اور وہ پھر سے لکڑیاں کاٹنے لگتا۔
ایک بار وہ اپنے ہاتھ پھونک مار کر گرم کر رہا تھا کہ اسے اپنے قریب بھنبھناہٹ سنائی دی۔ اس نے دیکھا کہ وہاں کچھ بونے تھے جو اسے ہاتھوں پر پھونک مارتے دیکھ کر حیرت کا اظہار کر رہے تھے کہ وہ کیا کر رہا ہے۔ لکڑہارے نے انھیں بتایا کہ وہ پھونک مار کر اور ہاتھوں کو آپس میں رگڑ کر اپنے ٹھنڈے ہاتھ گرم کر رہا ہے تاکہ ہاتھ سن ہوجانے سے اس کی کلہاڑی اس کے ہاتھ سے نہ چھوٹ جائے۔
کچھ دیر بعد اسے بھوک لگی تو اس نے آلو آگ میں بھننے کے لیے رکھ دیے۔ تھوڑی دیر بعد اس نے ایک آلو کو نکال کر دیکھا کہ آیا آلو گل گیا ہے یا نہیں۔
آلو بہت گرم تھا۔ اس نے جلدی سے آلو پر پھونک ماری کہ وہ ٹھنڈا ہو اور اس کا منھ نہ جلادے۔
بونے بہت حیران ہوئے کہ آلو تو پہلے سے گرم ہے پھر اس پر پھونک کیوں ماری۔ انھوں نے لکڑہارے سے اپنی حیرت کا اظہار کیا۔ لکڑ ہارے نے کہا کہ وہ آلو کو ٹھنڈا کر رہا ہے۔
بونے بے چارے یہ کہتے ہوئے چل دئیے کہ عجیب مخلوق ہے، اُسی سے ٹھنڈا کرتی ہے اسی سے گرم۔

کہانی: اسی سے ٹھنڈا اسی سے گرم
مصنف: نامعلوم
راوی: +Nasreen Ghori 
موضوع: سائنس [ٹھنڈے اور گرم کا موازنہ، حرارت کا تصور]
عمر: 4 سال یا اس سے زائد
آموزش: درجہ حرارت کا تقابل کرنا، ٹھنڈی اور گرم چیزوں میں تمیز کرنا 
ہدایات برائے والدین:
بچوں کو مختلف اشیاء کے درجہ حرارت محسوس کروائیں اور ان سے پوچھیں کے کوئی شے گرم ہے تو کیسے اور کیوں اور اگر ٹھنڈی لگتی ہے تو کیوں اور کیسے۔ اسی حساب سے انھیں سمجھائیں کہ انسانی درجہ حرارت کے مقابلے میں ٹھنڈی چیز پر پھونک ماریں تو وہ گرم ہوکر انسانی درجہ حرارت پر آجاَئے گی، اور گرم چیز پر پھونک ماریں تو وہ ٹھنڈی  ہوکر انسانی درجہ حرارت پر آجائے گی۔  یہی بات بونوں کی سمجھ میں نہیں آئی تھی۔
بچوں کو ٹھنڈے اور گرم پانی کا تجربہ کروائیں:
ان کا ایک ہاتھ نسبتاً ٹھنڈے پانی میں ڈلوائیں اور دوسرا نسبتاً گرم پانی میں ، پھر باری باری ہاتھ نارمل پانی میں ڈلوا کر پوچھیں کہ پانی کیسا ہے ٹھنڈا یا گرم، ٹھنڈے پانی والے ہاتھ کو پانی گرم لگے گا اور گرم پانی میں ڈبوئے ہاتھ کو نارمل پانی ٹھنڈا لگے گا۔

Comments